بارہمولہ// منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک سرپنچ کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے براون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی او اوڑی شوکت علی کی نگرانی میں پولیس کی ایک ٹیم نے بیلہ بونیار میں ناکہ چیکنگ کے دوران لاری بونیار کے سر پنچ کو گرفتار کیا۔
انہوں نے گرفتار شدہ سرپنچ کی شناخت محمد امین بانڈے ولد عنایت اللہ بانڈے ساکن لاری بونیار کے بطور کی۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ سر پنچ بونیار کی طرف آرہا تھا اور پولیس کو دیکھتے ہی اس نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ذاتی تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 21 گرام براون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بونیار میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
بارہمولہ میں سرپنچ گرفتار، براون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
