عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، اکشے لابرو نے ہفتہ کے روز کہا کہ صنعت نگر فلائی اوور کا طویل انتظار کیا جانے والا منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ایک ٹیوب کا لوڈ ٹیسٹنگ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسری ٹیوب کی تکمیل کل تک متوقع ہے۔موقع پر موجود صحافیوں سے گفتگو میں ڈی سی سرینگر نےکہا کہ یہ منصوبہ شہر کے مسافروں اور رہائشیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو عرصہ دراز سے اس کی تکمیل کے منتظر تھے۔
انہوں نے کہایہ سرینگر کے لیے ایک اہم پروجیکٹ ہے۔ ہم کافی عرصے سے اس کے بارے میں سنتے آ رہے تھے اور آج ایک ٹیوب کی مکمل لوڈ ٹیسٹنگ اور دوسری کے قریب تکمیل کو دیکھ کر اطمینان محسوس ہو رہا ہے۔ڈی سی نے مزید کہا کہ کل شام تک صنعت نگر فلائی اوور ہر لحاظ سے تکنیکی طور پر مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تکنیکی عمل کی تکمیل کے فوراً بعد منصوبہ محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی )کی جانب سے حوالے کر دیا جائے گا، جس کے بعد حکومت اس کی افتتاحی تاریخ پر حتمی فیصلہ کرے گی۔ڈی سی نے مزید کہا کہ ایس ایس پی ٹریفک سرینگر بھی موقع پر موجود تھے تاکہ ٹریفک کے بہتر انتظام اور فلائی اوور کے مؤثر استعمال کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا جا سکے۔انھوں نے کہا جوں ہی لوڈ ٹیسٹنگ مکمل ہوگی، یہ دیرینہ منصوبہ عوام کے نام وقف کرنے کیلئے تیار ہوجائے گا۔
صنعت نگر فلائی اوور تکمیل کے آخری مراحل میں: ڈی سی سرینگر