عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی وزیرِ تعلیم اور کابینہ کی سینئر رکن سکینہ ایتو پیر کی صبح اُس وقت خبروں کا مرکز بن گئیں جب وہ بغیر کسی سکیورٹی قافلے یا سرکاری پروٹوکول کے، ایک عام سکوٹی پر سوار ہو کر مزارِ شہداء، خواجہ بازار، نوہٹہ پہنچ گئیں۔یہ غیر معمولی منظر اس وقت سامنے آیا جب مزارِ شہداء کے اطراف تعینات پولیس اہلکار، مقامی افسران اور عوام سکینہ ایتو کو ایک عام شہری کے آتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق، سکینہ ایتو کی اس خاموشی سے آمد کا نہ صرف پولیس کو علم تھا نہ ہی ان کے ذاتی محافظوں کو۔ وہ کسی کو اطلاع دیے بغیر فاتحہ خوانی کے لیے مزار پر پہنچیں، جہاں انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے دعا مانگی۔واقعے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں، جن میں سکینہ ایتو کو بغیر سیکیورٹی، مکمل سادگی سے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیر تعلیم سکینہ ایتو سیکورٹی قافلے کے بغیر سکوٹی پر پہنچیں مزار شہداء
