عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// وزیر صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے اتوار ضلع ہسپتال کولگام کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا۔ اسی دوران غیر حاضر پائے گئے تین ڈاکٹروں کو بھی معطل کر دیا گیا۔
وزیر موصوفہ نے معائنہ کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں، بشمول ایمرجنسی یونٹ، سرجیکل وارڈ، جنرل وارڈز اور دیگر سہولیات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
دورے کے دوران سکینہ ایتو نے ہسپتال میں موجود کئی مسائل کو نوٹ کیا اور عملے کو یقین دلایا کہ اس ہسپتال کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور طبی ماہرین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
وزیر نے معائنے کے دوران تین ڈاکٹروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضری پر فوری معطل کر دیا اور سختی سے کہا کہ اس غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طبی عملے، خاص طور پر ڈاکٹروں کو مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی کے ساتھ ادا کرنا ہوگا۔
دورے کے دوران سکینہ ایتو نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں موقع پر ہی ان سے رائے لی۔
عوام سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام کو ان کے علاقوں میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال کی طبی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ عوام کو علاج کے لیے باہر جانے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔