عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے اتوار کے روز یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) میں ہندوارہ سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے طالب علموں کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایایہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ یہ بچیاں تعلیم حاصل کر رہی تھیں کہ سڑک حادثے میں دو بچیوں کی موت واقع ہوئی اور کئی زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھامیں گذشتہ روز ناصر اسلم وانی جو وزیر اعلیٰ کے مشیر ہیں، کے ساتھ ان بچیوں کے گھر تعزیت کے لئے گئیں۔سکینہ یتو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود اس پر فکر مند ہیں اور اس ساری صورتحال کا خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو بچی یہاں اس ہسپتال میں نازک حالت میں تھی ڈاکٹروں کی محنت کی وجہ سے اس کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے طالب علموں کے علاج ومعالجے کو یقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ مالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ کے ودھ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک گورنمنٹ ڈگری کالج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں دو طالبات کی موت واقع ہوئی جبکہ 25 دیگر زخمی ہوگئے۔
ہندوارہ سڑک حادثہ: سکینہ یتو نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی
