یو این آئی
سرینگر// ملک کے لیجنڈری سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ہفتے کے روز اپنے وعدے کو پورا کرکے جموں و کشمیر کے پیرا کرکٹ ٹیم کے کپتان عامر حسین لون سے ملاقات کی۔
بتادیں کہ سچن ٹنڈولکر ان دنوں کشمیر کی سیر پر ہیں اور وہ یہاں کے سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔معروف ہندوستانی بلے باز نے ہفتے کے روز بالآخر عامر حسین سے ملاقات کی جس کی ایک ویڈیو جس میں وہ خود ٹریننگ کر رہے تھے، نے ٹنڈلکر کی توجہ حاصل کی تھی۔ملاقات کے دوران دونوں نے کرکٹ کے بارے میں گفتگو اور کشمیری بلے باز عامر حسین اپنے رول ماڈل کو دیکھ کر فرط مسرت سے جھوم اٹھے۔
ٹنڈولکربھی عامر حسین کے لئے رطب اللسان تھے اور کہا کہ وہ نئی نسل کے لئے ایک تحریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ عامر کا کھیل کے تئیں جوش و جذبہ ہی اس کے کمال تک پہنچنے کا باعث ہے۔34 سالہ عامر حسین 8 برس کی عمر میں ہی ایک حادثے کا شکار ہوئے جس کے نتیجے میں وہ دنوں ہاتھوں سے محروم ہوئے۔عامر سال 2013 سے باقاعد کرکٹ کھیل رہے ہیں جب ان کے استاد نے ان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر ان کو پیرا کرکٹ کے ساتھ متعارف کیا۔ ان کے کھیلنے کا ایک مخصوص سٹائل ہے۔ماہ گذشتہ سچن ٹنڈولکر عامر حسین کا ایک ویڈیو دیکھ کر حیران ہوئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے عامر سے ملنے کی امید ظاہر کی تھی۔
اٹنڈولکر نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا تھا: ‘عامر نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے میں یہ ویڈیو دیکھر کر دنگ رہ گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کس قدر اس کھیل کے ساتھ محبت کرتے ہیں’انہوں نے کہا تھا: ‘امید کرتا ہوں کہ کسی دن میں ان سے ملوں گا اور ان کے نام کی جرسی حاصل کروں گا’۔