جموں// روبیہ سعید اغوا کیس میں اُس وقت پیش رفتہ ہوئی جب جمعے کے روز سماعت کے دوران روبیہ سعید نے یاسین ملک سمیت چار ملزمان کی شناخت کی ۔
سی بی آئی کے پبلک پراسیکیوٹر مونیکا کوہلی نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت کرنا اہم پیش رفتہ ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 23 اگست کو یاسین ملک کیس کی سماعت میں پیش ہو سکتے ہیں۔
یو این آئی اردو نامہ نگار کے مطابق جموں کی عدالت میں جمعے کے روز روبیہ سعید کیس کی سماعت ہوئی ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ صبح دس بجے سے چار بجے تک کیس کی سماعت ہوئی جس دوران یاسین ملک ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں شامل ہوئے۔
سی بی آئی کے پبلک پراسیکیوٹر مونیکا کوہلی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ روبیہ سعید نے لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک سمیت چار ملزمان کی شناخت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روبیہ سعید نے اپنا بیان عدالت میں قلمبند کروایا ہے۔
اُن کے مطابق کیس کی اگلی شنوائی کی تاریخ 23اگست کو مقرر کی گئی ہے اور اس روز یاسین ملک بھی عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس حوالے سے پروڈکشن وارنٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔
روبیہ سعید کے وکیل ایڈوکیٹ انیل سیٹھی نے بتایا کہ یاسین ملک نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ وہ کورٹ میں آکر جرح کر یں گے ۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ یاسین ملک نے کوئی وکیل نہیں رکھا لہذا وہ خود ہی اس کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر یاسین ملک کو پیشی کے لئے جموں لایا جاتا ہے تو روبیہ سعید دوبارہ عدالت میں حاضر ہوگی اگر یاسین ملک کو جموں نہیں لایا گیا توجج موصوف نئی تاریخ دیں گے ۔
روبیعہ سعید نے یاسین ملک اور دیگر 3 افراد کو اپنے اغوا کاروں کے طور پر شناخت کیا