عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن میں ستمبر 2025 کے دوران ٹکٹ چیکنگ مہم کے تحت تقریباً 30 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ مہم ڈویژنل ریلوے منیجر ویویک کمار کی ہدایت اور سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کی نگرانی میں چلائی گئی۔
ترجمان کے مطابق جموں صوبے کے ٹکٹ چیکنگ عملے اور چیف ٹکٹ انسپکٹروں نے ستمبر کے دوران 5,436 مسافروں کو بلا ٹکٹ یا بے قاعدہ سفر کرتے ہوئے پکڑا۔ ان پر جرمانے عائد کر کے کل تقریباً 30 لاکھ روپے ریلوے خزانے میں جمع کئے گئے۔
ریلوے افسران نے بتایا کہ عام ٹکٹ چیکنگ کے علاوہ اچانک چھاپہ مار مہمات بھی چلائی جاتی ہیں تاکہ غیر مجاز مسافروں کو ٹرینوں میں سوار ہونے سے روکا جا سکے۔ ان مہمات کے دوران مسافروں کو اس بات کی تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ہمیشہ باقاعدہ اور درست ٹکٹ کے ساتھ ہی سفر کریں۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے کہا: ’ڈویژن کے چیکنگ عملے نے غیر قانونی سفر کرنے والوں کو پکڑنے اور ان پر مناسب جرمانے عائد کرنے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریلوے کی غیر قانونی سفر کے خلاف کارروائی کامیاب ثابت ہو رہی ہے۔‘
ریلوے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی ٹکٹ چیکنگ مہم جاری رہیں گی تاکہ اصل مسافروں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
جموں صوبے میں ستمبر مہینے میں ٹکٹ چیکنگ مہم کے دوران 30 لاکھ روپے جرمانہ وصول
