عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر میں خراب اور سڑے گلےگوشت کی فروخت اور تقسیم میں ملوث افراد کے خلاف زکورہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 48/25 درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 271، 275 اور 61(1) کے تحت درج کی گئی ہے۔
یہ کارروائی جمعرات کو فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ سرینگر اور ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن (DFCO) کے مشترکہ چھاپے کے بعد عمل میں آئی، جس دوران 1200 کلو گرام بدبودار اور باسی گوشت ضبط کیا گیا اور موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ یہ گوشت مارکیٹوں اور ہوٹلوں کو سپلائی کے لیے تیار کیا گیا تھا، لیکن فوڈ سیفٹی افسران کی ٹیم نے اسے انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق اس غیر معیار ی گوشت سے تیار شدہ کباب فی عدد 20 روپے اور رستہ فی درجن 180 روپے میںدوبارہ گرم کر کے کم قیمت پر فروخت کئے جا رہے تھے ۔ یہ اشیاء صرف سرینگر ہی نہیں بلکہ مختلف اضلاع کے ہوٹلوں کو بھی فراہم کی جا رہی تھیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مارا گیا اور متعلقہ فوڈ کاروباری اداروں کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔