عظمیٰ ویب ڈیسک
مینڈھر// پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں پولیس نے فرضی آدھار کارڈ اور راشن کارڈ بنانے کے الزام میں ایک روہنگیائی شہری کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ محمد نعمان ولد محب اللہ عمر 35 سال تحصیل بالاکوٹ کے دھارگلون میں نذیر حسین ولد محمد یوسف کے گھر میں مقیم تھا۔آدھار کارڈ اور راشن کارڈ سمیت مختلف سرکاری دستاویزات کی جعلسازی میں ملوث پایا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ نعمان نے جعلسازی اور مجرمانہ سازش میں ملوث ہونے سے قبل نذیر حسین کی بیٹی نسیم اختر سے شادی کی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ جعلسازی اور مجرمانہ سازش کے سلسلے میں پولیس تھانہ گورسائی، مینڈھر میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ420 (دھوکہ دہی)، 465 (جعل سازی)، 468 (دھوکہ دہی کے مقصد سے جعل سازی)، 471 (جعلی دستاویزات کا استعمال)، 109 (ارتکابِ جرم) اور 120-بی (مجرمانہ سازش) میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 117/2023 درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مکمل تفتیش اور ملوث تمام افراد کو کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔