فیاض بخاری
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے پٹن میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں نامعلوم چوروں نے گوسیا میڈیکیٹ پٹن کو چوری کے بعد آگ لگا دی۔
عینی شاہدین کے مطابق، چوروں نے سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد کو مٹانے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔
متاثرہ تاجر نے بتایا کہ 22 اور 23 دسمبر کی درمیانی رات کو اولڈ ہسپتال نہال پورہ روڈ پٹن کے سامنے واقع ان کی میڈیکل شاپ کو لوٹ لیا گیا۔ چوروں نے ثبوت مٹانے کے لیے دکان کو آگ لگا دی، جس سے تقریباً 30 لاکھ روپے کی ادویات اور دیگر سامان مکمل طور پر راکھ ہو گیا۔ اس واقعے سے متاثرہ تاجر کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر ٹریڈرز فیڈریشن پٹن نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پٹن مارکیٹ مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں ہے، جس سے اس معاملے کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایس ڈی پی او پٹن نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ادھر، فیروز پورہ ٹنگمرگ میں بھی اسی رات چوروں نے پانچ دکانوں کو لوٹ لیا اور دو مساجد کی چندہ پیٹیاں خالی کر دیں۔ اس واردات نے علاقے کے تاجروں اور مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جنہوں نے حکام سے فوری کارروائی اور علاقے میں سیکورٹی کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔