عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) آر آر سوین نے اتوار کو کہا کہ سڑک حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے اور اگر تمام سٹیک ہولڈرز مخلصانہ قدم اٹھائیں تو اسے کم کیا جاسکتا ہے۔
جموں میں روڈ سیفٹی بیداری کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی پی سوین نے جموں و کشمیر میں اکثر سڑک حادثات میں ہونے والے جانی نقصان اور زخمیوں پر اپنے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر تمام سٹیک ہولڈرز خلوص نیت سے کام کریں تو ان نقصانات کو روکا اور کم کیا جا سکتا ہے۔
ڈی جی پی نے کہا، “صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعدد سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ چاہے ڈرائیورز ہوں، سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد، روڈ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، یا لائسنس جاری کرنے والے ریگولیٹری اتھارٹیز، ہر ایک کا کردار ہے۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق پورا کرنا چاہیے”۔
انہوں نے روڈ سیفٹی آگاہی پروگرام کے منتظمین اور شرکاءکو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مخلصانہ کوششوں سے جانوں کے ضیاع کو روکا اور کم کیا جا سکتا ہے۔