عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ریاستی الیکشن کمیشن جموں و کشمیر نے آج پنچایت انتخابی فہرست 2025 کی تازہ کاری کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمشنر بی آر شرما کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق، پنچایت انتخابی فہرست کا ڈرافٹ “فورم پی ای آر-1” میں 11 نومبر 2024 (پیر) کو شائع کیا جائے گا۔ اضافے، کمی، تصحیح اور منتقلی کے لیے دعوے اور اعتراضات جمع کرانے کی مدت 11 نومبر 2024 (پیر) سے 9 دسمبر 2024 (پیر) تک ہوگی۔ خصوصی کیمپ پولنگ بوتھ مقامات پر 16 نومبر 2024 (ہفتہ)، 17 نومبر 2024 (اتوار)، 23 نومبر 2024 (ہفتہ)، 24 نومبر 2024 (اتوار)، 30 نومبر 2024 (ہفتہ) اور 1 دسمبر 2024 (اتوار) کو منعقد کیے جائیں گے۔ ان کیمپ میں پنچایت انتخابی بوتھ کے اہلکار (PEBO یعنی وی ایل ڈبلیو/ایم پی ڈبلیو/جی آر ایس) اسمبلی بی ایل اوز کے ساتھ موجود ہوں گے اور ووٹرز کی رہنمائی کے لیے ضروری فارم اور پنچایت رول بھی فراہم کریں گے۔
اسی طرح، دعوے اور اعتراضات کا فیصلہ 23 دسمبر 2024 (پیر) کو ای آر او کے ذریعہ کیا جائے گا جبکہ حتمی پنچایت انتخابی فہرست 2024 کا اجراء 6 جنوری 2025 (پیر) کو کیا جائے گا۔