عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا ہے کہ سری نگر-جموں قومی شاہراہ کو پوری طرح بحال کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیر موصوف نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور یو ٹی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ شاہراہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ’مسلسل بارش اور بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں دن رات سرگرم ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے ایک عارضی ڈائیورژن تیار کر لیا گیا ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت 50 سے زیادہ بھاری مشینیں اور ایک درجن سے زیادہ ایکسکیویٹرز شاہراہ پر لگاتار کام کر رہی ہیں تاکہ ملبہ ہٹانے اور سڑک کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ گڈکری نے کہا کہ مسافروں کی سہولت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شاہراہ کو مضبوط اور محفوظ بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ این ایچ 44 وادیٔ کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد بڑی شاہراہ ہے، جس کی بندش نہ صرف سفر کرنے والوں کو مشکلات میں ڈالتی ہے بلکہ خطے کی معیشت، خصوصاً میوہ صنعت پر بھی گہرا اثر ڈالتی ہے۔
سری نگر-جموں شاہراہ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح: مرکزی وزیر نتن گڈکری
