عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری جی اے میر اور ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد کلو نے ہفتے کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے پہلگام میں ایک اہم ملاقات کی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے وادی میں بند کیے گئے سیاحتی مقامات کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے کی اپیل کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ سیاحت نہ صرف جموں و کشمیر کی پہچان ہے بلکہ یہاں کی معیشت کا اہم ستون بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پرامن حالات میں ان مقامات کو بند رکھنا نہ صرف مقامی کاروباری طبقے کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ یہ سیاحوں کے لیے بھی مایوسی کا سبب بن رہا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی پہلگام الطاف احمد کلو نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ہم نے لیفٹیننٹ گورنر سے پُرزور مطالبہ کیا کہ بند کیے گئے تمام سیاحتی مقامات کو فوری طور پر عوام اور سیاحوں کے لیے کھولا جائے تاکہ مقامی کاروبار اور معیشت کو فروغ مل سکے۔
کلو نے مزید انکشاف کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ کشمیر کے سات اور جموں کے آٹھ سیاحتی مقامات کو جلد دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جائے گا، جب کہ باقی مقامات کو ایک ہفتے بعد مرحلہ وار طور پر کھولا جائے گا۔
سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی وقت کی اہم ضرورت: غلام احمد میر
