سرینگر// وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبد اللہ نے منگل کو کہا کہ یونین ٹریٹری کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور برفباری کے بعد بجلی کی فراہمی تقریباً بحال ہو چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بحالی کے کام کو وزراء، ان کے مشیروں اور سینئر افسران کی جانب سے قریب سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنر کے زیر نگرانی باقاعدہ جائزے لیے جا رہے ہیں۔
عمر عبد اللہ نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، “جموں و کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کی نگرانی وزیروں، میرے مشیروں اور سینئر افسران کے ذریعے کی جا رہی ہے، اور کشمیر صوبہ کے کمشنر کے ذریعے باقاعدہ جائزے لیے جا رہے ہیں۔ آج کا فوکس اندرونی سڑکوں اور گلیوں پر برف صاف کرنے پر ہوگا۔ بجلی کی بحالی تقریباً مکمل ہو چکی ہے، 33 کے وی فیڈرز کی 100 فیصد اور 11 کے وی فیڈرز کی 99 فیصد بحالی مکمل ہو چکی ہے”۔
کشمیر وادی اور جموں کے کچھ علاقوں میں اتوار کو معتدل سے بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں سڑکیں بند اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی تھی۔