عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ نوجوان نہ صرف ملک و قوم کے مستقبل کے معمار ہیں بلکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے اُن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور رہنمائی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری نوجوانوں کے کاندھوں پر عائد ہوتی ہے اور انہیں اس رول کو سمجھ کر بھرپور طریقے سے نبھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا، ’نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ عوام کی نظریں ہمیشہ نوجوان نسل پر مرکوز رہتی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں کو پارٹی میں اہم کردار دیا جائے کیونکہ انہی کے ذریعے نیا کشمیر اور پارٹی منشور کی رسائی ہر گھر تک ممکن ہے۔‘
نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ پارٹی کے بزرگ قائدین کے پاس بیش بہا تجربات ہیں جن سے نوجوانوں کو سیکھنے اور رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں نے سخت حالات میں عوامی خدمات انجام دی ہیں اور پارٹی کی بقاء کے لیے بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق نے پارٹی سینئرز سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کا موقع دیں تاکہ تنظیم کو نئی توانائی اور استحکام حاصل ہو۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں اور سچائی کو فروغ دیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر اور لداخ کی انفرادیت، شناخت اور چھینے گئے آئینی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھے گی اور اس مشن میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوگا۔‘
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر زور دیا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی جب بات جموں و کشمیر کے وقار، عوامی مفادات اور آئینی حیثیت کی ہو۔
جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری نوجوانوں کے کاندھوں پر ہے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
