محمد تسکین، عشرت بٹ
جموں// صوبہ جموں کے متعدد اضلاع میں خراب موسمی صورتحال کے درمیان تیز ہواؤں اور بارشوں سے کئی رہائشی مکانوں، عمارتوں، دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلع رام بن میں گزشتہ رات سے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے رہائشی مکانوں، سکولی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور عمارتوں کی چھتیں تیز ہوا کی وجہ سے اکھڑ گئی ہیں۔ ہائی سکول کملہ ترگام کی چھت اکھڑ گئی ہے جبکہ رامسو کے چکہ سربگھنی میں تیز ہواؤں سے متعد گھروں کی چھتیں اڑنے سے کافی نقصان ہوا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ نظیر احمد زرگر اور نصراللہ کٹوچ کے رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران کھڑی تحصیل میں سڑک پر کھڑی کئی کاریں گرتے درختوں کی زد میں آگئی ہیں اور انہیں نقصان پہنچا ہے۔
اسی دوران گول سب ڈویژن میں بارشوں سے کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سکولی عمارتوں کی چھتیں ٹوٹ گئی ہیں اور زرعی اراضی کو پہنچا شدید نقصان ہے۔
ادھر، پونچھ ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے منڈی کے دور دراز علاقوں میں چار رہائشی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ شب منڈی میں محمد عارف ولد محمد شفیع اور رفاقت خان ولد محمد عارف ساکنان کینوں کلانی کے رہائشی مکان زیر تعمیر سڑک سے کھسک آئی پسی کی زد میں آ گئے، جس سے دونوں رہائشی مکان اور ایک شیڈ تباہ ہو گیا ہے۔ اس دوران اگر چہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ مکان مالکان کو کافی مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ادھر تحصیل کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں واقع اوڑی پورہ میں بھی شدید بارش کی وجہ سے بشیر احمد ڈار ولد محمدا ڈار اور منظور احمد ولد محمدا ڈار کے رہائشی مکانوں کی چھتیں ٹوٹ گیں ہیں اس دوران کسی جانی نقصان کی خبر ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔