عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں آج اس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی جب ایک ڈاکٹر پر مبینہ حملے کے بعد ڈاکٹروں نے ایمرجنسی ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کر دیا، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حملے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گئی ہے، جس میں ایک تیماردار کو ڈاکٹر کو تھپڑ مارتے اور اسے زمین پر گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کے بعد ڈاکٹرز نے ڈیوٹی چھوڑ دی اور احتجاج شروع کر دیا۔ متاثرہ ڈاکٹر، شاہنواز احمدنے بتایا:’’میں ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر تھا، ایک مریض کو دیکھا اور ریسیسیٹیشن کے لیے ٹرائیج بھیج دیا۔ بدقسمتی سے مریض دم توڑ گیا، جس کے بعد ایک تیماردار نے آ کر مجھے تھپڑ مارا۔ وہاں کوئی سیکورٹی موجود نہیں تھی۔‘‘
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے سے متعلق ایف آئی آر نمبر11/2025 درج کر لی گئی ہے اور پولیس کارروائی کر رہی ہے۔حکام نے کہا22 جولائی 2025 کو پیش آئے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ڈاکٹروں نے احتجاج کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’’بغیر سیکورٹی، کوئی کام نہیں۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور اسپتال میں مؤثر سیکورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹروں کو عزت دی جاتی ہے، لیکن کشمیر میں انہیں اپنی عزت و سلامتی کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاانتظامیہ کی خاموشی کو ملی بھگت سمجھا جائے گااوریہ بے حسی مزید تشدد کو جنم دے گی۔
ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں ڈاکٹروں کی غیر موجودگی کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ایک تیماردار نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاایف آئی آر تو ہو چکی، مگر مریضوں کا کیا؟ کیا انہیں مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے؟
وہیں احتجاج کر رہے ڈاکٹروں نے درج ذیل مطالبات رکھےجس میں انھوں نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور غیر ضمانتی دفعات کے تحت کارروائی۔ ایمرجنسی اور آئی سی یو جیسے حساس شعبوں میں تربیت یافتہ سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، ایک تیماردار پالیسی کا سخت نفاذ اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی، ڈیوٹی پر موجود کسی بھی ڈاکٹر پر حملے کی صورت میں ادارہ جاتی اور قانونی تحفظ کی مانگ کی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ حملہ صرف ایک ڈاکٹر پر نہیں بلکہ پورے پورے شعبہ اور ان تمام اطباءکی عزت پر ہے جو دن رات خدمت انجام دیتے ہیں۔ ہم جنگی حالات جیسے ماحول میں کام کرتے ہیں، جان بچاتے ہیں، دباؤ سہتے ہیں اور بدلے میں ہمیں مارا جاتا ہے، گالیاں دی جاتی ہیں، اور ذلیل کیا جاتا ہے۔
ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگرمیں ڈاکٹروں کی ہڑتال، ایمرجنسی میں کام کرنے سے انکار، مریضوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا
