دریائے جہلم میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے مسلسل کوششیں جاری: آئی جی پی کشمیر

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ودھی کمار بردھی نے بدھ کو کہا کہ دریائے جہلم کے پانی میں لاپتہ تینوں افراد کی تلاش کیلئے غوطہ خوروں اور سکین ٹیموں کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا، “غوطہ خور اور سکین ٹیمیں لاپتہ تینوں افراد کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں مسلسل تلاش کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو آپریشن رات بھر جاری رہا اور آج صبح بھی دوبارہ شروع کیا گیا۔ ہم انہیں تلاش کرنے اور حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں”۔
آئی جی پی کشمیر زون وی کے بردھی نے مزید کہا، “تاہم ابھی تک کوئی نئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے”۔
ایک سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ ان خصوصی غوطہ خوروں کو پانی کے بارے میں اچھی خاصی سمجھ ہے۔ “یہ خصوصی غوطہ خور اس علاقے کی تلاش کر رہے ہیں جہاں انہیں لاشوں کے ملنے کے زیادہ امکانات ملتے ہیں۔ عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ لاشیں کچھ دیر بعد گلنے سڑنے کی وجہ سے خود ہی سطح پر آجاتا ہے۔
آئی جی پی کشمیر زون نے مزید کہا، “ہم نے پہلے ہی دریائے جہلم کے کنارے واقع سرینگر کے تمام پولیس سٹیشنوں کو الرٹ کر دیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ اگر وہ کسی پیش رفت کا مشاہدہ کرتے ہیں تو ان پر نظر رکھیں”۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح سرینگر کے مضافات میں دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ سرینگر کے گنڈبل علاقے میں پیش آیا۔