عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈووکیٹ شوکت احمد میر نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کے قیام کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔یہ بات انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو عوام کی خدمت کے لیے وقف کیا گیا ہے اور ہر سطح پر عوام کی شنوائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ “عوامی نمائندے ہمہ وقت عوام کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لیے موجود رہتے ہیں۔ آج یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ جمہوری نظام کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا،” انہوں نے کہا۔
ایڈووکیٹ شوکت میر نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران عوام جن مسائل و مشکلات سے دوچار رہے، ان سے نجات دلانا نیشنل کانفرنس کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کے مطابق، حکومت کا واحد مقصد جموں و کشمیر کے عوام کو ہر سطح پر راحت پہنچانا ہے، اور عمر عبداللہ کی قیادت میں یہ حکومت اس سمت میں بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ ہر خطے اور طبقے کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کے لیے کوشاں رہی ہے۔ جماعت کا نصب العین جموں و کشمیر میں دیرپا امن کا قیام، عوام کی خوشحالی اور انہیں ایک پُرامن، سکون بھری اور باوقار زندگی فراہم کرنا ہے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے شوکت میر نے کہا، ہمارے مخالفین آئے روز تنقید کرتے ہیں، لیکن ان کے پاس کوئی ٹھوس دلائل نہیں ہوتے۔ وہ محض تنقید برائے تنقید میں یقین رکھتے ہیں۔ جبکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ تعمیری تنقید کو سراہا ہے اور اسی اصول پر آج بھی قائم ہے۔
عوام کو مسائل و مشکلات سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح: این سی صوبائی صدر
