عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/انگولا کے دورے پر گئی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے بات کرکے لال قلعہ دھماکے کے حوالے سے معلومات حاصل کی ہیں۔ذرائع کے مطابق مرمو نے منگل کے روز انگولا سے مسٹر شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور پیر کے روز لال قلعہ کے قریب ایک کار میں ہونے والے دھماکے کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیرِ داخلہ نے صدر جمہوریہ کو دھماکے کے واقعے سے متعلق معلومات دینے کے ساتھ ساتھ اس معاملے کی تحقیقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے۔
صدر جمہوریہ اس وقت انگولا اور بوتسوانا کے دورے پر ہیں۔ پیر کے روز انہوں نے انگولا پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا۔ مرمو نے پیر کے روز اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “دہلی میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پراتھنا کرتی ہوں۔” واضح رہے کہ اس دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ہیں۔
لال قلعہ دھماکہ: صدر جمہوریہ نے وزیر داخلہ سے حالات دریافت کئے