نئی دہلی//راشٹر پتی بھون نئی دہلی میں واقع مغل باغات کا نام اب تبدیل کر کے ’امرت ادیان‘ رکھ دیا گیا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، دہلی کے راشٹرپتی بھون میں واقع تاریخی مغل باغات کو اب ’امرت ادیان‘ کے نام سے جانا جائے گا۔
صدر جمہوریہ ہندکی ڈپٹی پریس سکریٹری نویکا گپتا نے آج جاری ایک بیان میں کہا،”آزادی کا امرت مہوتسو” کے طور پر آزادی کے 75 ویں سال کی تقریبات کے موقع پر، صدر جمہوریہ ہند نے راشٹرپتی بھون میں موجود باغات کا نام تبدیل کر کے ’ امرت ادیان‘رکھ دیا ہے۔
راشٹرپتی بھون مختلف قسم کے باغات موجود ہیں ، جن میں ایسٹ لان، سینٹرل لان، لانگ گارڈن اور سرکلر گارڈن شامل تھے۔
ہفتہ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”سابق صدور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور رام ناتھ کووند کے دور میں، ہربل-1، ہربل-2، ٹیکٹائل گارڈن، بونسائی گارڈن اور آروگیہ ونم کے نام سے مزید باغات تیار کیے گئے“۔
نویکا گپتا نے کہا کہ صدر دروپدی مرمو اتوار کو باغات کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی۔
بتادیں کہ باغات سال میں ایک بار عوام کے لیے کھلے رہتے ہیں اور اس بار لوگ 31 جنوری سے ان کا دورہ کر سکتے ہیں۔
باغات 31جنوری سے 26 مارچ 2023 تک کھلے رہیں گے، اس دوران ہولی کے دن اور ہر پیر کے روز باغابات بند رہیں گے۔
اس سال کے ادیان اتسو میں، کئی دیگر پرکشش مقامات کے علاوہ، سیاح 12 منفرد اقسام کے خصوصی طور پر تیارکیے گئے ٹیولپس کو دیکھ سکیں گے۔
باغات (ہربل گارڈن، بونسائی گارڈن، سینٹرل لان، لانگ گارڈن اور سرکلر گارڈن) تقریباً دو ماہ تک کھلے رہیں گے۔