یو این آئی
سرینگر// امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے وزیر ستیش شرما کا کہنا ہے کہ رعنا واری آگ متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے بھر پور مالی امداد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ فنڈ، ایس آر ڈی ایف فنڈ اور ریڈ کراس فنڈ کے علاوہ متاثرین کو فی کنبہ تین مہینوں کے لئے مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔
موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں رعناواری کے گر پور جہاں گذشتہ شام دیر گئے آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک درجن کے قریب رہائشی شیڈ خاکستر ہوئے، کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘ہم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم نے ان کی امداد کے لئے جو اعلان کئے ہیں ان کو فوری طور پورا کیا جائے گا’۔ان کا کہنا تھا، ‘متاثرین کے لئے وزیر اعلیٰ فنڈ سے فی کنبہ ایک ایک لاکھ روپیہ، ایس ڈی آر ایف فنڈ سے فی کنبہ ایک لاکھ پچیس ہزار روپیہ اور ریڈ کراس فنڈ سے پچیس ہزار روپیہ فی کنبہ دیا جائے گا’۔
ستیشن شرما نے کہا کہ اس کے علاوہ فی کنبہ تین مہینوں کا مفت راشن دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج شام تک ہی فی کنبے کو ایک چولھا اور گیس سلینڈر فرایم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں اس علاقے کے جو مسائل ہیں ان کو حل کیا جائے گا۔