عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن/امن و امان کو مضبوط بنانے اور ضلع میں سکیورٹی گرڈ کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے رام بن پولیس نے اتوار کوبانہال اور گول سمیت متعدد مقامات پر بڑے پیمانے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز انجام دیے۔
یہ کارروائیاں ایس ایس پی رام بن ارون گپتا کی نگرانی میں کی گئیں، جن کا مقصد پاکستان میں موجود جموں و کشمیر کے مقامی ملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں کی مشکوک سرگرمیوں کا سراغ لگانا، مشتبہ افراد کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ کرنا، اور حساس علاقوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کرنا تھا۔
آپریشن کے دوران پاکستان سے سرگرم ملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں اور ان کے اوور گراؤنڈ ورکرز کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر رہائش گاہوں کی مکمل چھان بین کی تاکہ کسی بھی ملک دشمن یا غیر قانونی سرگرمی کا پتہ لگایا جا سکے۔
یہ کارروائیاں رام بن پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی یونٹس پر مشتمل مشترکہ ٹیموں نے ڈپٹی مجسٹریٹس کی موجودگی میں انجام دیں۔ تمام آپریشنز منظم طریقے سے کیے گئے تاکہ عام عوام کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔
پولیس نے کہا کہ ایسے آپریشنز احتیاطی اور انٹیلی جنس پر مبنی اقدامات کا حصہ ہیں تاکہ ضلع میں امن و استحکام قائم رہے۔
رام بن پولیس کی بڑی کارروائی، او جی ڈبلیوز کے خلاف کریک ڈاؤن، ضلع بھر میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز