رام سب کے بھگوان ہیں، صرف ہندوئوں کے نہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

File Photo

جموں// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرصدر اور سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے جمعرات کو اودھم پور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں رہنے کے لیے صرف رام کے نام کا استعمال کرتی ہے، لیکن رام صرف ہندووں کے نہیں، سب کے بھگوان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، جموں صوبہ کے ضلع اودھم پور میں جمعرات کے روز پینتھرس پارٹی کی جانب سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی شرکت کی۔
عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اقتدار میں رہنے کے لیے صرف بھگوان رام کا نام استعمال کرتی ہے، لیکن رام صرف ہندووں کے بھگوان نہیں ہیں۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھگوان رام صرف ہندووں کے دیوتا نہیں ہیں۔ برائے مہربانی اس تصور کو اپنے ذہن سے نکال دیں۔ بھگوان رام ہر ایک کے بھگوان ہیں، چاہے وہ مسلمان ہو عیسائی یا امریکی یا روسی ہو۔جو لوگ آپ کے پاس یہ کہتے ہیں کہ ہم صرف رام کے بھگت ہیں۔ وہ بے وقوف ہیں، وہ صرف رام کے نام پر فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں رام سے نہیں بلکہ اقتدار سے پیار ہے۔
فاروق عبداللہ نے کہا،” میرے خیال میں جب جموں و کشمیر میں انتخابات کا اعلان ہوگا تو وہ عام آدمی کی توجہ ہٹانے کے لیے رام مندر کا افتتاح کریں گے”۔
حزبِ اختلاف جماعتوں کے درمیان اتحاد پر، انہوں نے کہا ،” ہمارے اتحاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ چاہے وہ کانگریس ہو، نیشنل کانفرنس، یا پینتھرس۔ ہم لوگوں کے لیے لڑیں گے اور مریں گے، لیکن ہم سب متحد رہیں گے۔ انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بارے میں سوالات اٹھائے اور لوگوں سے کہا کہ وہ اس کے استعمال سے متعلق محتاط رہیں”۔
نیشنل کانفرنس صدر نے جموں وکشمیر میں انتخابات سے قبل مذہبی پولرائزیشن کے خلاف بھی لوگوں کو خبردار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران ‘ہندو خطرے میں ہیں’ کا بہت استعمال کرے گی، لیکن میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس کے شکار نہ ہوں۔