عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بہار میں ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کے مسئلہ پر بحث کے اپنے مطالبے پر اڑے اپوزیشن نے راجیہ سبھا میں منگل کو بھی مسلسل چھٹے دن ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس گزشتہ ہفتے شروع ہوا تھا اور آج ایوان کا ساتواں اجلاس تھا لیکن اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تعطل کی وجہ سے اب تک ایک دن بھی وقفہ صفر اور وقفہ سوال کی کارروائی نہیں ہو سکی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان میں ضروری قانون سازی کے دستاویزات رکھے جانے کے بعد اراکین کو بتایا کہ انہیں رول 267 کے تحت تحریک التواء کے 24 نوٹس موصول ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے سندیپ کمار پاٹھک، کانگریس کی رنجیت رنجن، کانگریس کے ہی شکتی سنگھ گوہل، رجنی پاٹل، ناصر حسین اور نیرج ڈانگی، ترنمول کانگریس کے ساکیت گوکھلے اور راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا نے بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے معاملے پر بحث کے لیے نوٹس دیے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے ریتا برت بنرجی اور ساگاریکا گھوش نے بنگالی تارکین وطن کے ساتھ دیگر ریاستوں میں امتیازی سلوک، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سندوش کمار پی اور جان برٹاس نے چھتیس گڑھ میں دو راہباؤں کی گرفتاری اور ایس پی کے رامجی لال سمن نے نائب صدر جمہوریہ کے اچانک استعفیٰ دینے کے معاملے پر بحث کرانے کے لئے نوٹس دیا ہے۔ ہری ونش نے کہا کہ یہ نوٹس قواعد کے مطابق نہیں ہیں اس لیے انہیں قبول نہیں کیا گیا ہے۔
یہ کہتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کرسی کے قریب آگئے اور حسب معمول نعرے بازی شروع کردی۔ ڈپٹی چیئرمین نے ارکان سے کہا کہ کئی دنوں سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال کی کارروائی کا فائدہ نہیں ا ٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ارکان کے فائدے کا ہے۔ انہوں نے اراکین سے درخواست کی کہ براہ کرم وقفہ صفر اور وقفہ سوالات کی کارروائی جاری رہنے دیں۔ اپیل کا ارکان پر کوئی اثر نہ ہوتا دیکھ کر ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ لگتا ہے آپ ایوان چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی۔راجیہ سبھا میں ایوان کی کارروائی پہلے ہفتے میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہونے کے بعد اس ہفتے بھی مسلسل دوسرے دن اپوزیشن ارکان نے اپنے مطالبات کو لے کر ایوان میں ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے وقفہ صفر کی کارروائی نہیں ہوسکی۔
بہار ووٹر لسٹ پر بحث کرانے پر اپوزیشن بضد، راجیہ سبھا دوپہر 2 بجے تک ملتوی
