عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے راجیہ سبھا میں جمعرات کو مسلسل تیسرے دن زبردست ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ایک بار کے التوا کے بعد دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان میں مسلسل تیسرے روز وقفہ سوال نہیں ہو سکا۔
صبح کے التوا کے بعد جب ایوان دو بجے دوبارہ شروع ہوا تو پریزائیڈنگ ڈپٹی چیئرمین بھونیشور کلیتا نے کیریج آف گڈز بائی سی بل 2025 پر بحث شروع کرنے کے لیے اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایم تمبی دورائی کا نام پکارا۔ مسٹر دورائی جیسے ہی بولنے کے لیے کھڑے ہوئے، اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کر چیئر کے قریب آگئے اور بہار میں ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔
اپوزیشن پارٹی کے ارکان کا ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لکشمی کانت باجپئی نے رول 235 کے تحت پوائنٹ آف آرڈر اٹھایا اور اپوزیشن ارکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس پر ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری نے بھی قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو ایوان میں اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔
کلیتا نے اپوزیشن ارکان سے اپنی نشستوں پر واپس آنے کی اپیل کی اور ان سے ایوان میں امن برقرار رکھنے کو کہا۔ ان کی باتوں کا کوئی اثر نہ ہوتا دیکھ کر انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔اس سے قبل صبح ایوان نے اپنے چھ ارکان کو ان کی مدت کار پوری ہونے پر الوداع کہا ۔
صبح جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے اراکین کو بتایا کہ پٹالی مکل کاچی کے انبومنی رامداس، دراوڑ منیترا کزگم کے پی ولسن، ایم ڈی ایم کے کے وائیکو، اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایم چندر شیکھرن، ڈی ایم کے کے ایم شانموگم اور ڈی ایم کے کے ہی ایم محمد عبداللہ کی میعاد آج مکمل ہورہی ہے۔ مختلف ممبران نے اپنی مدت پوری کرنے والے ممبران کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور ان کی فعال زندگی کی خواہش کی۔
ارکان کو الوداعی اور نیک تمنائیں دینے کے بعد جب ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے تقریباً 12.30 بجے وقفہ سوال کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان ہنگامہ کرنے لگے۔ چیئرمین نے کہا کہ یہ سوال کا وقت ہے، وقفہ سوال ارکان کا وقت ہوتاہے، براہ کرم آپ سب اپنی نشستوں پر واپس جائیں اور کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلنے دیں۔
انہوں نے کہا، “اب تک ایوان بہت اچھا چل رہا تھا، سب نے دیکھا ہے کہ راجیہ سبھا کیسے کام کرتی ہے، براہ کرم اپنی نشستوں پر واپس جائیں اور ایوان کی کارروائی کو جاری رہنے دیں۔ ہری ونش نے اپنی بات کا کوئی اثر نہ دیکھ کر کارروائی دوبجے تک ملتوی کر دی۔
غور طلب ہے کہ بہار میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے خصوصی عمل کے خلاف اپوزیشن ارکان مسلسل ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر بحث کے لیے اپوزیشن کے کچھ ارکان نے آج بھی تحریک التواء کا نوٹس دیا تھا۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس پیر کو شروع ہوا۔ پہلے روز ایوان کا کام خوش اسلوبی سے چلتا رہا لیکن منگل سے اپوزیشن ارکان ایوان میں ہنگامہ آرائی کرکے کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے ایوان بالا میں تین روز سے کوئی قانون سازی کا کام نہیں ہوسکا ہے۔
اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی
