عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں مستعد فوجی اہلکاروں نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ سیکٹر کے دھارا گوچر علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوا جسے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ان کے مطابق فوج نے ایک وسیع جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔