عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کے بعد دارالحکومت دہلی اور سری نگر میں کئی اعلیٰ سطحی میٹنگوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو یہاں سیکورٹی مشیر اجیت ڈوال، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ بھی اہم میٹنگ کی۔
ذرائع کے مطابق دو گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی، جو اپنا سعودی عرب کا دورہ ادھورا چھوڑ کر صبح دہلی واپس لوٹے، بدھ کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پہلگام حملے کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔
اس میٹنگ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال، خارجہ سکریٹری وکرم مصری اور دیگر سینئر حکام موجود تھے۔ میٹنگ میں مسٹر مودی کو وزیر خارجہ اور سلامتی مشیر نے موجودہ صورتحال اور حملے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ منگل سے سری نگر میں میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آج انہوں نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے کی جگہ کا بھی دورہ کیا۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مسٹر شاہ کی سری نگر سے واپسی کے بعد شام کو کابینہ کمیٹی برائے سیکورٹی کی میٹنگ بھی طلب کی گئی ہے۔