اشتیاق ملک، ڈوڈہ / ڈوڈہ ضلع میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث متعدد مقامات پر پسیاں گرنے اور پہاڑی کھسکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے اور عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق ضلع کے تمام تعلیمی ادارے مسلسل آٹھویں روز بند رکھے گئے ہیں تاکہ طلباء و طالبات اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ ٹریفک نے بھی مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے قبل سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں کیونکہ کئی رابطہ سڑکیں پسیاں گرنے سے متاثر ہوئی ہیں۔