جموں و کشمیر میں آج سے برف و باراں کا امکان

سری نگر//محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 26 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں نومبر کے آخر تک بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے1.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کی دوسری سرد ترین جگہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔