عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی پہاڑی علاقوں میں بر ف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں ادھر، جموں سرینگر قومی شاہراہ متعدد مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے کی وجہ سے مسلسل بند ہے تاہم بحالی کا کام جاری ہے۔
وادی کے میدانی علاقوں میں اتوار کو دن بھو رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پہاڑی علاقوں میں بھاری برف و باراں اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس وجہ سے درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
شہرہ آفاق گلمرگ میں تین سے چار فٹ ، سونہ مرگ میں چار فٹ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ چرار شریف تحصیل کے کنہ دجن، دارون، پکھر پورہ، نوگام ، دودھ کھتو میں ایک سے دو فٹ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جس وجہ سے ان علاقوں میں لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
ادھر، جموں سرینگر قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی بند رہی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کی بحالی کیلئے کام جاری ہے تاہم ایک درج مقامات پر گر آئی پسیوں، پتھروں اور ملبے کو ہٹانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر پنتھیال میں ٹنل 5 کے قریب سڑک کا ایک دھنس گیا ہے جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم میں بہتری تک شاہراہ کرنے کا منصوبہ نہ بنائیں اور سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے رابطہ کریں۔