محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ ایک گھنٹے سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جواہر ٹنل اور دیگر پہاڑی چوٹیوں پر برفباری ہو رہی ہے۔ طویل خشک سالی سے متاثرہ عوام اور زمیندار اچھی بارشوں کے شدت سے منتظر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل ریاست کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اس دوران جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر دو طرفہ مسافر اور مال بردار گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے معمول کے مطابق سفر کر رہی ہیں۔
بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بیکن) کے حکام کا کہنا ہے کہ جواہر ٹنل کے آس پاس برفباری اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برف ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ جواہر ٹنل کے دونوں اطراف تعینات کیا گیا ہے تاکہ شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جا سکے۔