نئی دہلی// ریلوے بورڈ نے جموں و کشمیر کی سخت سردیوں میں بلا تعطل آپریشن کے لئے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی نقاب کشائی کر دی ہے۔ یہ ٹرین عنقریب کٹرا سے سرینگر کے درمیان چلائی جائے گی۔
افسران کے مطابق، کٹرا-سرینگر ریل روٹ کی کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی جانب سے معائنہ جاری ہے۔ اس نئی ٹرین کو دہلی کے شکور بستی کوچنگ ڈپو میں رکھا گیا ہے اور اس میں خاص طور پر موسم سرما کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے جدید خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
ریلوے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ 136 وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کے مقابلے میں اس ٹرین میں کئی اضافی خصوصیات شامل کی گئی ہیں تاکہ جموں و کشمیر کے شدید موسمی حالات میں آپریشن کے ساتھ ساتھ مسافروں کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (اطلاعات و تشہیر) دلیپ کمار نے بتایا، “یہ ٹرین جدید حرارتی نظام سے لیس ہے جو پانی کے ٹینک اور بایو ٹوائلٹ ٹینک کو منجمد ہونے سے روکتا ہے، ویکیوم سسٹم اور لیبارٹریز کے لئے گرم ہوا فراہم کرتا ہے اور ایئر بریک سسٹم کو سب زیرو درجہ حرارت میں بھی بہتر طریقے سے کام کرنے کے قابل بناتا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، “ٹرین کی فرنٹ ونڈ شیلڈ میں ہیٹنگ ایلیمنٹ لگائے گئے ہیں جو سخت سردیوں میں خودکار طور پر شیشے کی برف کو پگھلا کر ڈرائیور کو صاف دیکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں”۔
ریلوے حکام کے مطابق، موسمی خصوصیات کے علاوہ اس ٹرین میں موجودہ وندے بھارت ٹرینوں کی تمام سہولیات شامل ہیں، جیسے کہ مکمل ایئر کنڈیشنڈ کوچز، خودکار دروازے، موبائل چارجنگ ساکٹس وغیرہ۔
ریلوے کے پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر وادی کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے بہتر طریقے سے جوڑنے کے ذریعے یہ ٹرین جغرافیائی اور اقتصادی خلا کو پاٹنے کے لئے ہندوستان کے عزم کی علامت ہے۔