عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ناردرن ریلویز نے پیر کے روز کشمیر سے سیبوں کی ترسیل کو سہل بنانے کے لئے 21 کنٹینر ویگن فراہم کئے ہیں، جسے وادی کی باغبانی صنعت کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 6 ہزار 400 ٹن سے زائد سیب وادی کشمیر سے دہلی منتقل کئے گئے ہیں۔ اس کے لئے بوجی کورڈ ویگن اور پارسل کوچز استعمال کئے گئے جو اننت ناگ ٹرمینل سے روانہ ہوئے۔ان کے مطابق بڑی برہمنہ میں 21 ویگن لوڈنگ کے لئے فراہم کئے گئے جن میں تقریباً 76 خصوصی کنٹینرز رکھے گئے، ہر کنٹینر کا وزن 40 کلو گرام تھا۔ اس اقدام کو کسانوں اور سیب کے تاجروں کے لئے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔
سیب صنعت کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے جموں ریلوے ڈویژن نے لاسی پورہ (پلوامہ) کے کولڈ اسٹوریج یونٹس میں استعمال ہونے والے کریٹس اور ریکس کو بڑ ی برہمناں ریلوے اسٹیشن سے اننت ناگ بھیجنے کا انتظام بھی کیا۔ اس کے ساتھ ہی پہلی مرتبہ ’پف پینلز‘— یعنی انسولیٹڈ اسٹیل پینلز بھی اننت ناگ میں اتارے گئے جو سیبوں کے لئے جدید درجہ حرارت کنٹرول اسٹوریج ہاؤسز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر سے دہلی تک پارسل ٹرینوں کی سروس تیزی سے جاری ہے تاکہ خراب ہونے والے پھل محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر کو یہ سروس باضابطہ شروع ہوئی جب دو پارسل کوچز، ایک جموں اور دوسرا دہلی کے آدرش نگر کے لئے روانہ کیا گیا۔ان کے مطابق ہر پارسل کوچ میں تقریباً 23 ٹن سامان لوڈ کیا گیا اور یہ ایک تاریخی پیش رفت تھی کیونکہ پہلی بار بڈگام سے دہلی کے آدرش نگر تک ایک پارسل کوچ محض 21 گھنٹوں میں پہنچ گیا، جبکہ دوسرا کوچ جموں صرف چھ گھنٹوں میں منزل مقصود تک پہنچ گیا۔
15 ستمبر کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر سے دہلی کے لئے آٹھ پارسل کوچز پر مشتمل ایک خصوصی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ہر کوچ میں 23 ٹن مالیت کا سامان لادا گیا تھا اور یہ کوچز سڑک ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں کہیں تیز رفتاری سے دہلی پہنچے۔عہدیداروں نے مزید بتایا کہ صرف سیب ہی نہیں بلکہ دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے لئے بھی پارسل سروس کو وسعت دی گئی ہے۔ بری برہمنہ سے بڈگام تک اب تک 500 ٹن سے زائد سرسوں کا تیل اور دیگر غذائی اجناس پہنچائے جا چکے ہیں تاکہ سڑک رابطوں میں تعطل کے باوجود ضروری رسد متاثر نہ ہو۔
شمالی ریلوے نے کشمیری سیبوں کی ترسیل کے لئے خصوصی کنٹینر ویگن متعارف کرائیں
