عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 19 اپریل کو کٹرا سے کشمیر وندے بھارت ٹرین کے افتتاح سے قبل، نادرن ریلوے اور یو ایس بی آر ایل کے اعلیٰ افسران نے سرینگر سے کٹرا تک ریلوے ٹریک اور اسٹیشنوں کا خصوصی معائنہ کیا۔
معائنہ ٹیم کی قیادت جنرل مینجر نادرن ریلوے، اشوک کمار ورما نے کی۔ انہوں نے سرینگر سے کٹرا کے درمیان اہم ریلوے اسٹیشنوں پر وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق، جی ایم نادرن ریلوے اشوک کمار ورما نے سرینگر سے کٹرا تک ریلوے ٹریک کا مکمل معائنہ کیا اور خصوصی معائنہ ٹرین کے ذریعے اس سفر کو انجام دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وندے بھارت ٹرین کا آزمائشی سفر کل ہفتے کو متوقع ہے، تاہم اس کے وقت کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
بتایا گیا کہ اشوک ورما گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر سرینگر پہنچے تھے اور آج انہوں نے کشمیر ریلوے پروجیکٹ کے سرینگر سے کٹرا تک سیکشن میں ریلوے انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ وہ آج شام دہلی واپس روانہ ہوں گے۔