نئی دہلی// ریلوے وزارت نے فیروزپور ڈویژن کی تنظیم نو کرتے ہوئے شمالی ریلوے زون کے تحت جموں میں ایک نئی ڈویژن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
وزارت کی جانب سے شمالی ریلوے کو یکم جنوری 2025 کو جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے کے مطابق، جموں ڈویژن میں پانچ سیکشنز شامل ہوں گے:
– پٹھانکوٹ-جموں-اودھم پور (شہید کیپٹن تشار مہاجن کے نام سے منسوب)
– سرینگر-بارہمولہ
– بھوگپور سروال-پٹھانکوٹ
– بٹالہ -پٹھانکوٹ اور
– پٹھانکوٹ-جوگندر نگر
ان سیکشنز کی مشترکہ لمبائی 742.1 کلومیٹر ہوگی۔
وزارت کے مطابق،”حتمی دائرہ کار تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) کی بنیاد پر طے کیا جائے گا”۔
جموں میں جدید ترین آئی ٹی سہولتوں سے آراستہ ایک جدید دفتر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ جموں ڈویژن میں ایک کم خرچ تنظیمی ڈھانچہ بنایا جائے گا، اور تمام مطلوبہ عہدے شمالی ریلوے کے موجودہ عہدوں سے فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کے ذریعے ڈھانچہ جاتی ضروریات، عملے کی منتقلی کے طریقہ کار، اور دیگر انتظامات کی جلد از جلد جانچ کی جائے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق، فی الحال ملک میں 17 زونز کے تحت 68 ریل ڈویژنز موجود ہیں اور جموں نئی 69ویں ڈویژن ہوگی۔