عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پوری طرح سے بے بنیاد ہیں مسٹر رجیجو نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر گاندھی نے آج پھر الیکشن کمیشن پر حملہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے ایک این جی او کی طرف سے کی گئی پیشکش کو دوبارہ دہرایا ہے۔ کانگریس پارٹی نے کل سپریم کورٹ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت یہ فیصلہ نہیں کرے گی کہ کون ہندوستانی ہے اور کون ہندوستانی نہیں ہے۔ کانگریس عدالت عظمیٰ پر یقین نہیں رکھتی، الیکشن کمیشن کو نہیں مانتی ہے تو وہ کس کو مانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے کرناٹک کے اسمبلی کے بارے میں آج جو کہا اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر بار بار حملے کرنا درست نہیں۔ یہ جمہوریت کے لیے اچھا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کو واضح طور پر بتانا چاہتے ہیں کہ وہ بہار میں رائے دہندوں کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے نام پر لوگوں کو گمراہ نہ کریں۔ پارلیمنٹ میں صرف وہی معاملات اٹھائے جا سکتے ہیں جو قواعد و ضوابط کے تحت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں کھلی بحث کے لیے تیار ہیں۔ اپوزیشن ایسے معاملات پر بات کرنا چاہتی ہے جس کے بارے میں کوئی اصول نہیں اور نہ ہی ایسی کوئی پرانی روایت ہے۔
وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو یہاں گھسیٹیں گے تو الیکشن کون کرائے گا۔ اگر حکومت ہند انتخابی اصلاحات کے لیے کوئی قانون بناتی ہے تو ہم اس پر ایوان میں بحث کر سکتے ہیں لیکن ایس آئی آر بالکل مختلف معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی کی بات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے پیچھے ایک این جی او ہے اور مسٹر گاندھی صرف وہی بات کرتے ہیں جو انہیں سمجھا دیاجاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر مسٹر گاندھی نے آج الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی چوری کروا رہا ہے اور اس سلسلے میں کرناٹک کی مہادیو پورہ اسمبلی سیٹ کے ووٹروں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں ایک لاکھ سے زیادہ غلط ووٹ بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس غلط ووٹ ہونے کے ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے وہاں پریزنٹیشن بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام شواہد تقابلی انداز میں اور کافی تحقیق کے بعد جمع کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن پر راہل کے الزامات بے بنیاد ہیں: رجیجو
