معذور افراد کو باوقار زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے: سکینہ ایتو

Uzma Web Desk
4 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے معذور افراد کے لیے سہولیات اور مساوی مواقع کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک جامع معاشرہ تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سکینہ ایتو نے یہ بات آج کنونشن سینٹر جموں میں سماگرا شکشا جموں و کشمیر کے زیر اہتمام عالمی یوم برائے معذور افراد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں پرنسپل سیکریٹری سکول ایجوکیشن سریش کمار گپتا، کمشنر سیکریٹری سماجی بہبود شیتل نندا، پروجیکٹ ڈائریکٹر سمگرا شکشا، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں، مختلف کالجز اور تعلیمی اداروں کے پرنسپلز، سماجی بہبود اور سکول ایجوکیشن کے سینئر افسران، ریسورس پرسنز اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
سکینہ ایتو نے اپنے خطاب میں معذور افراد کی بہادری اور حوصلے کو سراہا، جو روزمرہ زندگی کے چیلنجز کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے معذور افراد کی مدد اور سماجی انضمام کو ان کے روشن مستقبل کے لیے ضروری قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا، “ہمیں معذور افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی مقامات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ افراد بھی ہماری طرح باوقار زندگی گزارنے اور مواقع حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں”۔
رواں سال کے عالمی یوم برائے معذور افراد کے موضوع ’معذور افراد کی قیادت کو فروغ دینا ایک جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہوگا جہاں ہر فرد اپنی جسمانی یا ذہنی حدود کے باوجود عزت کے ساتھ زندگی گزار سکے۔
وزیر نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ سماجی بدنامی کے خوف کے بغیر آگے آئیں۔ “معذوری کو کمزوری نہ سمجھا جائے بلکہ اسے اپنی پوشیدہ صلاحیت کو ظاہر کرنے کا موقع تصور کریں”۔
انہوں نے معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے والدین اور خاندانوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی غیر متزلزل محبت اور قربانی معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہے۔
سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ حکومت معذور افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور این جی اوز کو بھی اپنی سرگرمیاں مؤثر طریقے سے انجام دینے کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی گرانٹس کا درست استعمال ہوسکے۔
تقریب کے دوران مختلف معذور طلباء نے ثقافتی پروگرام پیش کیے جنہوں نے سامعین کو متاثر کیا۔
اختتام پر وزیر نے ان طلباء کو اعزازات سے نوازا جنہوں نے حال ہی میں انجیلی انٹرنیشنل فیسٹیول، اڑیسہ میں جموں و کشمیر کا نام روشن کیا۔ علاوہ ازیں، کھیل اور تعلیم کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔
سکینہ ایتو نے سماجی بہبود محکمہ کے مستحقین میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلز اور سکوٹیز بھی تقسیم کیں۔

Share This Article