عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پلوامہ پولیس نے پیر کے روز ضلع کے مختلف اسپتالوں میں اسٹاف لاکرز کا اچانک اور مؤثر معائنہ کیا۔ اس کارروائی کا مقصد اسپتالوں کی عمارتوں اور سہولیات کو کسی بھی ممکنہ غلط استعمال سے بچانا اور اندرونی سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط کرنا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اچانک چیکنگ صبح کے اوقات میں مختلف پولیس ٹیموں نے اسپتال انتظامیہ کے تعاون سے انجام دی۔ اسپتال چونکہ حساس اور عوامی آمد و رفت والے مقامات ہوتے ہیں، اس لیے پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی کہ ان سہولیات کو کسی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک مواد کی ذخیرہ اندوزی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اسپتالوں میں جاری یہ سیکیورٹی مشق ایک وسیع حفاظتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ضلع کے تمام اہم اداروں میں الرٹنس کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہاموجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ ہر حساس مقام پر کڑی نگرانی رکھی جائے۔ اسپتال ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور آج کی کارروائی انہی اقدامات کا حصہ ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جاسکے۔
پولیس نے اسپتال کے مختلف شعبوں، جن میں پیرا میڈیکل اسٹاف، لیبارٹری ٹیکنیشنز، صفائی ملازمین اور کنٹریکٹ ورکر شامل ہیں، کے لاکرز کا معائنہ اسپتال حکام کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد کیا۔حکام نے بتایا کہ ہم پولیس کے اس تعاون کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ اس طرح کے اچانک معائنے نہ صرف سیکیورٹی میں بہتری لاتے ہیں بلکہ ایسے عناصر کے لیے بھی سخت پیغام ہوتے ہیں جو عوامی اداروں کا غلط استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
پلوامہ پولیس کا اسپتالوں میں اسٹاف لاکرز کا اچانک معائنہ