سری نگر// نیشنل ٹینسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے منگل کو این ای ای ٹی یو جی-2023 امتحان کے نتائج کا اعلان کیا ہے، جس میں پلوامہ کے طالب علم عبدالباسط نے جموں و کشمیر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ ملکی سطح پر 113 واں مقام حٓصل کیا ہے۔
باسط کے 720 پوائنٹس میں سے 705 نمبرات حاصل کر کے جموں و کشمیر میں انتہائی مسابقتی امتحان میں باوقار اولین درجہ حاصل کیا ہے۔باسط نے اپنی کامیابی کا سہرا ان کے غیر متزلزل عزم اور مستقل مزاجی کو قرار دیا۔
باسط نے اپنے اساتذہ سے ملنے والی قابل قدر حمایت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی مناسب رہنمائی نے ان کے تعلیمی سفر میں کافی اہم کردار ادا کیا ہے۔ “محنت اور مستقل مزاجی میری کامیابی کا منتر تھا”۔
باسط کا تعلیمی سفر پلوامہ کے زیکرا ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ سے شروع ہوا جہاں اُنہوں نے آٹھویں جماعت تک اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی۔بعد میں، اُنہوں نے اپنی ثانوی اور سینئر سیکنڈری تعلیم کو آگے بڑھانے کے لیے NIET پلوامہ میں داخلہ لے لیا۔
باسط نے آکاش انسٹی ٹیوٹ میں 9ویں جماعت میں داخلہ لیا، جہاں اُنہوں نے اپنی کوچنگ شروع کی اور 12ویں جماعت کے امتحانات اور NEET کی بیک وقت تیاری کی۔
اپنی تعلیمی قابلیت اور مستعد تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے باسط نے اپنی پہلی ہی کوشش میں NEET کا امتحان کوالیفائی کیا۔
تفصیلات کے مطابق، این ای ای ٹی UG-2023 کا امتحان ملک بھر میں 7 مئی 2023 کو متعدد امتحانی مراکز پر منعقد کیا گیا تھا۔
باسط کی کامیابی کی اہمیت این ای ای ٹی UG-2023 امتحان کے اعدادوشمار سے مزید واضح ہوتی ہے۔ کیونکہ امتحان کے لیے کل 37ہزار 276 طلبہ نے رجسٹریشن کیا تھا، جن میں سے 36ہزار 431 نے امتحان میں شرکت کی۔ امیدواروں میں سے، قابل ذکر 20ہزار 564 نے کامیابی کے ساتھ کوالیفائی کیا۔