عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی راحت کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور گذشتہ آٹھ ماہ میں تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں انقلابی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کو عبادت کا درجہ دے کر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پارٹی ہیڈکوارٹر سری نگر میں عوامی وفود سے ملاقات کے دوران وزیر تعلیم نے کہا کہ’اللہ کا شکر ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں جب سے عوامی حکومت معرضِ وجود میں آئی ہے، تب سے انتظامیہ کافی حد تک متحرک ہو گئی ہے اور تمام شعبے رفتہ رفتہ پٹری پر آ رہے ہیں۔‘
انہوں نے ماضی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 10 برس تک ریاست میں غیر مقامی افسر شاہی مسلط رہی جس کے باعث عوام کا کوئی پرسانِ حال نہ تھا۔ اس وقت ہر فیصلہ عوام دشمن ہوتا تھا، اور انتظامیہ غیر ضروری پروگراموں میں الجھ کر مفلوج ہو چکی تھی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ نئی حکومت کے آتے ہی افسرشاہی کے غیر ضروری اثرات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور انتظامی مشینری کو عوامی خدمت کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’تعلیم، صحت، اور سماجی بہبود کے شعبوں میں بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، خاص طور پر پسماندہ اور مستحق افراد کی مدد کیلئے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بے روزگاری جیسے اہم مسئلے پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے پبلک سروس کمیشن اور سروس سلیکشن بورڈ کو ریفر کیا گیا ہے تاکہ اہل نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا سکے۔سکینہ ایتو نے آخر میں زور دے کر کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت ریاست کے عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور متعدد فیصلے ایسے کئے گئے ہیں جن کے دور رس اثرات مستقبل میں ظاہر ہوں گے۔
عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح: وزیر تعلیم
