عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع جموں کے بجالتا ریلوے اسٹیشن کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور مقامی رہائشیوں کے مسائل کا قریب سے جائزہ لیا۔
مرکزی وزیر نے حکام کو سخت ہدایت دی کہ عوامی شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیاں اس انداز میں انجام دی جائیں کہ مقامی رہائشیوں کو کسی بھی قسم کی دقت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام کی سہولت کے لئے ہیں اور اس دوران مقامی آبادی کے حقوق اور سہولیات کا مکمل خیال رکھا جانا چاہئے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں مقامی عوامی نمائندوں کو شامل رکھنا ناگزیر ہے تاکہ شفافیت اور اعتماد قائم رہے۔ انہوں نے حکام کو تاکید کی کہ تمام سرگرمیوں میں مقامی ایم ایل اے کو شریک کیا جائے اور تعمیرات کے دوران عوامی جذبات کا احترام کیا جائے۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے اپنے مسائل مرکزی وزیر کے سامنے رکھے، جن میں سیلابی پانی کی نکاسی، بنیادی ڈھانچے کو نقصان اور نقل و حمل کی دشواریاں شامل تھیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کرے گی اور عوام کو جلد از جلد ریلیف پہنچانے کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران عوامی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
