عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی منظوری کے بعد صوبہ کشمیر کی مجلس عاملہ کی تشکیل نو کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کی جانب سے جاری ایک حکمنامے کے تحت متعدد سینئر رہنماؤں کو اہم عہدوں پر فائز کیا گیا ہے، جن میں چار نائب صدور، ایک صوبائی سکریٹری، اور متعدد جوائنٹ سکریٹریز شامل ہیں۔
اعلان کے مطابق ایم ایل اے گریز نذیر احمد خان گریزی، ایم ایل اے بجبہاڑہ ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، اور ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی کو نائب صدور مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سید توقیر احمد کو صوبائی سکریٹری، خواجہ محمد یعقوب وانی کو جوائنٹ سکریٹری برائے کارڈی نیشن، غلام نبی وانی تیل بلی کو جوائنٹ سکریٹری برائے عوامی امور، ڈاکٹر سعید احمد مخدومی کو جوائنٹ سکریٹری برائے دفتری امور، شری بھوشن لعل بھٹ کو پنڈت اقلیتی سیل کا کنوینر، اور سردار جگدیش سنگھ آزاد کو خالصہ اقلیتی سیل کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے نومنتخب اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ ٹیم پارٹی کے نظریات کو زمینی سطح پر مضبوطی سے نافذ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک مختصر مگر پُرجوش تقریب منعقد ہوئی جس میں نومنتخب اراکین کی پذیرائی کی گئی۔ غلام نبی وانی تیل بلی اور ڈاکٹر سعید احمد مخدومی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور اُن کی خدمات کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کوئی عام سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جس نے جموں و کشمیر کو شخصی راج، چکداری، سودخوری اور بےگاری جیسے مظالم سے نجات دلائی۔ اُنہوں نے کہا کہ اسی پرچم کے سائے تلے جموں و کشمیر کے عوام کو آئینی و جمہوری حقوق حاصل ہوئے۔
شوکت میر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے مشن پر کام کر رہی ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی کے بعد اس مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کے باعث آج ریاست کے عوام باوقار زندگی گزار رہے ہیں اور نیشنل کانفرنس اُن کی قربانیوں کی امین ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی وحدت، انفرادیت اور بھائی چارے کی مشعل راہ کو ہمیشہ روشن رکھے گی۔
نیشنل کانفرنس مجلس عاملہ کی تشکیل نو، صوبائی صدر کا عوامی خدمت پر زور
