عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ /آن لائن فراڈ سے حاصل شدہ غیر قانونی منافع کے خلاف ایک بڑی کارروائی کے تحت پونچھ پولیس نے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنتھا(بی این ایس ایس) کی دفعہ 107 کے تحت تقریباً 8.5 لاکھ روپیے مالیت کی جائیداد کو ضبط کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن سرنکوٹ میں بی این ایس ایس کی متعلقہ دفعات اور آئی ٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر 71/2025 کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم ساجد خان ولد محمد صادق ساکن دروغین سرنکوٹ نے ایک ماروتی سوزوکی کی بریزا کار زیر رجسٹریشن نمبرJK02CQ 2851 کو فراڈ، جعلسازی اور ٹیلیگرام ایپلی کیشن اور ڈریم 11 پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے کر حاصل شدہ رقم سے خریدی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر اور قانونی تقاضوں کے مطابق بی این ایس ایس کی دفعہ 107 کے تحت مذکورہ گاڑی کو ضبط کیا گیا تاکہ اس کو بیچا یا منتقل یا کسی کے حوالے نہ کیا جائے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ گاڑی پر ضبطی نوٹس بھی چسپاں کی گئی ہے جس میں عام لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ مزید احکامات تک کوئی بھی شخص اس جائیداد کو خریدنے، لیز پر دینے یا اس میں کسی تیسرے فریق کا مفاد پیدا کرنے کی کوشش نہ کرے۔انہوں کہا کہ پونچھ پولیس غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ جائیدادوں کی نشاندہی، ضبطگی اور قرقی کے لئے قانون کے مطابق پر عزم ہے۔
پونچھ میں بی این ایس ایس کے تحت جائیداد ضبط: پولیس