عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے جمعہ کو ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی 75 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کو ضبط کر لیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری مہم میں اننت ناگ پولیس نے گوپال پورہ کلان کے رہائشی رفیق احمد شیخ ولد غلام رسول شیخ کی ایک منزلہ رہائشی مکان، جس کی مالیت تقریباً 70 لاکھ روپے ہے، کو منشیات اور نفسیاتی مواد ایکٹ 1985 (NDPS) کے تحت ضبط کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 86/2023 کے تحت کی گئی ہے جو NDPS ایکٹ کی دفعات 8/20/29 کے تحت درج کی گئی تھی، جس میں تحقیقات کے دوران منشیات کی سمگلنگ میں اس مکان کے استعمال کا انکشاف ہوا۔
رفیق احمد شیخ ایک عادی مجرم ہے اور متعدد منشیات کے کیسوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ اننت ناگ پولیس کا یہ اقدام اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو توڑنے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
اننت ناگ پولیس منشیات کے خاتمے اور اس کے نوجوان نسل پر منفی اثرات سے معاشرے کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔
پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔