عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// ضلع پولیس سرینگر نے بدھ کے روز منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے بٹہ مالو علاقے میں ایک منشیات فروش کی 3 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیداد ضبط کی۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز ایکٹ (NDPS) کے سیکشن 68 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سرینگر پولیس نے دو مختلف منشیات فروشوں کی جائیدادیں ضبط کیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی کاروائی میں، بٹہ مالو کے بانپورہ علاقے میں واقع ایک تین منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کیا گیا، جو منشیات فروش عبدالاحد بھٹ ولد محمد سلطان بھٹ کی ملکیت ہے۔ یہ مکان، جس کی قیمت 65 لاکھ روپے ہے، کیس ایف آئی آر نمبر 31/2024 کے تحت پولیس سٹیشن شہید گنج میں رجسٹر کیا گیا تھا، جہاں ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی۔
دوسری کارروائی میں، آزاد بستی نٹی پورہ میں واقع ایک اور تین منزلہ رہائشی مکان، جس کی تخمینہ قیمت 2.5 کروڑ روپے ہے، ضبط کیا گیا۔ یہ مکان منشیات فروش جان منظور بھٹ ولد منظور احمد بھٹ کی ملکیت ہے، جس کے خلاف کیس ایف آئی آر نمبر 35/2024 کے تحت پولیس سٹیشن چنداپورہ میں مقدمہ درج ہے۔
پولیس کے مطابق، دونوں ملزمان نے یہ جائیدادیں منشیات کی غیر قانونی تجارت کے ذریعے حاصل کی تھیں۔ ان جائیدادوں کو متعلقہ حکام اور سیفما (SAFEMA) کے ایڈمنسٹریٹر کی منظوری کے بعد ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ NDPS ایکٹ کے سیکشن 68(E) اور 68(F) کے تحت ضبط شدہ جائیدادوں کی منتقلی، خرید و فروخت یا کسی اور طریقے سے لین دین بغیر مجاز اتھارٹی کی اجازت کے ممنوع ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ یہ کاروائی جموں و کشمیر پولیس کے منشیات کے خاتمے اور اس کی تجارت کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔