جموں// حکام نے پیر کو ایک شخص کی 2.22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد ضبط کر لی، جس پر الزام ہے کہ اس نے خود کو فوج کا لیفٹیننٹ کرنل ظاہر کر کے جموں و کشمیر میں لوگوں کو مختلف مرکزی سرکاری محکموں میں نوکری دلانے کا جھانسہ دیا۔
ملزم ہرجیت سنگھ مبینہ طور پر وزارت دفاع اور ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (DRDO) میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے دھوکہ دہی کرتا رہا۔
نگروٹہ کے ارون شرما نے سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی، جس میں دھوکہ دہی، جعلسازی اور مالی نقصان جیسے الزامات لگائے گئے تھے۔
تحقیقات اور نگروٹہ پولیس سٹیشن میں بی این ایس ایس کے تحت درج ایف آئی آر کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے متاثرین سے بھاری رقم وصول کی۔
سنگھ نے دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم کا بڑا حصہ باہو تحصیل میں 2.22 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی جائیداد خریدنے پر خرچ کیا۔
جموں کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جائیداد ضبط کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔ 18 جنوری کو عدالت نے جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا، جسے بہو تحصیلدار کی نگرانی میں عملی جامہ پہنایا گیا۔
عدالت نے سنگھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کا وقت دیا ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ کیوں اس ضبط شدہ جائیداد کو متاثرین کے فائدے کے لیے نیلام نہ کیا جائے۔
فوجی افسر بن کر نوکری کا جھانسہ دینے والے دھوکہ باز کی جائیداد قرق
