سرینگر// منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے بد نام زمانہ منشیات فروش کی 19لاکھ روپیہ مالیت کی جائیداد کو قرق کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر پولیس نے منشیات فروش محمد یونس وانی ولد محمد مقبول وانی ساکن رنبیر گڑھ سری نگر کی جائیداد کو این ڈٰ پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کیا۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ منشیات فروش نوجوانوں میں نشیلی اشیاءفروخت کرنے میں ملوث پایا گیا ہے اور اس ضمن میں شالہ ٹینگ پولیس سٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سری نگر پولیس کی طرف سے تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق اس طرح کی کارروائی سے منشیات فروشوں کے حوصلے پست ہوجائیں گے اور منشیات کے کاربار میں کمی آسکتی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائیداد کی ضبطی سے منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو ایک مضبوط پیغام جاتا ہے کہ ایسی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے سال رواں میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی منشیات فروشوں کی پراپرٹی کو اٹیچ کیا ہے۔
سرینگر میں بد نام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد قرق
